عمران دنیا کے 4 بڑے لیڈروں میں سے ایک ہیں: صمصام بخاری
لاہور+دیپال پور/ چیچہ وطنی (نیوز رپورٹر+نامہ نگار) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی شاہ بخاری نے کہا کہ ہم ایک ذمہ دار قوم ہیں ہم نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، مودی دونوں ملکوں کو جنگ کے دہانے پر لے گیا لیکن عمران خان کی مدبرانہ قیادت میں حکومت نے بھارت کو ایک سخت پیغام دیا کہ ہم اپنے وطن اور لوگوں کی حفاظت کریں گے۔ ہم جنگ نہیں چاہتے اس فیصلہ سے پاکستان کو سر بلندی ملی اور ہندوستان کو ہزیمت اٹھانا پڑی۔ پاکستان کو علامہ اقبالؒ اور قائداعظمؒ کا پاکستان بنانے کے لئے وزیراعظم عمران خان ہی کو قدرت نے منتخب کیا ہے دنیا میں اگر چار لیڈروں کے نام لئے جائیں تو عمران خان ان میں آتے ہیں۔ ماضی میں لاہور سمیت متعدد شہروں کو کنکریٹ کا جنگل بنایا گیا پی ٹی آئی کی حکومت عمران خان کے ویژن میں اپنے شہروں ،قصبوں اور دیہات کو کلین اور گرین بنائے گی۔ ان خیالات کا ظہار انہوں نے کلین اینڈ گرین مہم اور ہفتہ صفائی کے اختتامی روز پپلی پہاڑ میں ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ آلودگی کے باعث پاکستان کا ہر چوتھا شخص ہپاٹائٹس سی کا مریض ہے۔آلودگی میں اضافے کا باعث بننے والی دھواں چھوڑتی ہوئی گاڑیوں کے خلاف بھی اقدامات کرنے ہیں۔ سید صمصام علی شاہ نے کہا کہ آج ہمیں اپنے آپ سے عہد کرنا ہے کہ ہم نے ملک میں امن لانا اور خوشحالی کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔ دریں اثناء گزشتہ روز چیچہ وطنی میں پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما رائے حسن نواز خان کی رہائش گاہ پر منعقدہ تقریب سے بھی خطاب کیا۔ وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کو یہ اعزاز مل چکا ہے کہ ملائیشیا کا ہردلعزیز لیڈر مہاتیر محمد یوم پاکستان کی تقریب میں شرکت کیلئے پاکستان آئے۔ انہوں نے کہا ہم مشکل حالات سے گزر رہے ہیں جس کی بڑی وجہ پچھلے 10 برسوں میں ہونیوالی میگا کرپشن ہے۔