صحت کارڈ اور EOBI کے مظلوم پنشنرز
مکرمی ! حکومت نے حال ہی میں مستحقین میں صحت کارڈ تقسیم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے وزیراعظم عمران خان خود اپنے ہاتھ سے یہ کار خیر کا کام سرانجام دے رہے ہیں۔ ’’کپتان‘‘ کی حکومت جب سے اقتدار میں آئی ہے،، مہنگائی اور ٹیکسوں کی بھرمار کے علاوہ عوام کو کوئی بھی ریلیف نہ دے سکی۔ ایسے بھی ’’صحت کارڈ‘‘ کے اجراء مریض کی سانسیں بحال رکھنے کے لئے ہوا کا تازہ جھونکا ہے۔ بلاشبہ کپتان کی حکومت ضرورتمندوں میں یہ کارڈ تقسیم کر رہی ہو گی لیکن وطن عزیز میں ایک طبقہ ایسا بھی ہے جو انتہائی کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے اور وہ طبقہ EOBI سے منسلک پنشنرز کا ہے جو اس وقت غربت کی انتہائی نچلی سطح پر زندگی گزار رہا ہے۔ جس کی پنشن اس وقت 4610 روپے ہے۔ ریٹائرمنٹ کے بعد علاج معالجے کی سہولت بھی درکار نہیں اتنی قلیل پنشن میں دوا دارو تو درکنار ’’زہر،، بھی پھانکنے کو نہیں ملتا، اس لئے ارباب اختیار اقتدار سے گزارش ہے کہ ہاں صحت کارڈ کی سہولتیں سرکاری ملازمین کو دی جا رہی ہیں وہاں EBOI کے پنشنرز کو بھی یہ ہولت بہم پہنچائی جائے۔ (رائو محمد محفوظ آسی ٹائون شپ لاہور)