گوجرانوالہ میں یوم پاکستان کی تقریب کے دوران سکول کی دیوار گرنے سے 5 بچوں سمیت ایک ٹیچر جاں بحق‘ 13 زخمی۔ واقعہ کشمیر روڈ پر واقع نجی سکول میں پیش آیا‘ وزیراعلیٰ پنجاب کا نوٹس‘ زخمیوں کو بہترین علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت۔
یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ ایک طرف قوم یوم پاکستان کا جشن منا رہی ہے‘ دوسری جانب ناقص سکول کی عمارت کی دیوار گرنے سے پانچ بچوں سمیت ایک ٹیچر کے جاں بحق ہونے کا واقعہ پیش آگیا۔ اسے متعلقہ انتظامیہ جانب سے غفلت ہی کہا جا سکتا ہے جو عمارت کی چیکنگ کئے بغیر سکول کھولنے کا این او سی جاری کر دیتے ہیں۔ مزید براں گاہے بگاہے عمارتوں کا معائنہ بھی نہیں کیا جاتا۔ گلی محلوں میں دو دو اور تین تین مرلے کے گھروں میں سکول چلائے جا رہے ہیں‘ جن میں نہ تازہ آب و ہوا کی سہولت موجود ہے نہ بچوں کے کھیلنے کیلئے کوئی گرائونڈ دستیاب ہے۔ لیکن ایسے سکولوں کیخلاف نہ کوئی کارروائی کی جاتی ہے نہ ان عمارتوں کا جائزہ لیا جاتا ہے کہ عمارت میں اتنے بچے سمانے کی گنجائش بھی ہے یا نہیں۔ بلڈنگ مینجمنٹ کے حوالے سے قوانین موجود ہیں۔ این او سی جاری کرنے سے پہلے عمارت کا معائنہ ضرور کیا جائے اور ایسے سکولوں اور اداروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے جو ان قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت ان کا مناسب اقدام ہے لیکن حادثہ کے بعد ایسی سہولیات فراہم کرکے حکومت بری الذمہ نہیں ہو سکتی۔ نجی سکولوں سمیت گورنمنٹ سکولوں میں بھی ایسی تقریبات سے قبل حفاظتی انتظامات کو فول پروف بنانے کی طرف خاص توجہ دینا چاہیے۔ ہر چھ ماہ بعد حکومتی سطح پر سکول کی عمارت کا معائنہ ضرور کرایا جائے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
بول کہ لب آزاد ہیں تیرے … یاد نہیں دلائوں گا
Mar 18, 2024