مدارس اور اسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں: گورنر پنجاب
لاہور(نیوز رپورٹر)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرورنے کہا ہے کہ مولویوں کو ایک دن بھی حکومت نہیں ملی پھر بھی لوگ کہتے ہیں مولویوں نے ملک تباہ کر دیا۔ اگر ہم آج دلوں سے نفرت اور بغض نکال دیں تودنیا کی کوئی طاقت ہمیں آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتی۔ پاکستان کو کرپشن کرنیوالے ٹھگوں نے لوٹا ہے جن کو کبھی معاف نہیں کیا جاسکتا۔ دینی مدارس اوراسلام کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جامعہ الخیر کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جامعہ الخیر کے سر براہ قاری حنیف جالندھری سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں دینی اوردنیاوی تعلیم دونوں ساتھ چلیں گی تو پھر ہی ملک میں حقیقی ترقی اور خوشحالی آسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائنسی تعلیم کا نتیجہ ہے کہ پاکستان نے ایٹم بنایا اگر ہم ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو نہ جانے بھارت پاکستان کے خلاف کیا کچھ کر دیتا مگر آج ہم نے بھارت کو نہ صرف منہ توڑ جواب دیا بلکہ بھارت کو سیاسی اور سفارتی محاذ پر بھی بدترین شکست دی ہے۔ گورنر نے کہا کہ جدید نظام تعلیم کی وجہ سے پاکستان میں دینی مدارس نے بھی ترقی کی ہے اور جب بھی کسی نے پاکستان کے دینی مدارس کے خلاف کوئی بات کی ہے تو میں سب سے پہلے اسکی مخالفت میں سامنے آیا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ اگر ایک انسان کو قتل کرنیوالے کی سزا موت ہے تو پینے کے صاف پانی میں غیرمیعاری فلٹریشن پلانٹس لگانیوالے ہزاروں انسانوں کو موت کے منہ میں دھکیلنے والوں کو بھی سخت سے سخت سزا ملنی چاہیے۔