سیاسی کمائی
1980 ء میں سنجے حادثاتی موت کا شکار ہو گیا، تو اندراجی کا صدمہ دہرا تھا۔ جوان بیٹے کی المناک موت کے ساتھ ساتھ سیاسی جانشینی کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا تھا۔ جب خاندان صدمے کی کیفیت سے کسی حد تک نکل چکا تو ایک شب اندراجی نے راجیو سے مدعا کہہ سنایا، کہ نہروز کی سیاسی وراثت کو اب اسے آگے لیکر چلنا ہے۔ راجیو نے بڑی سادگی سے کہا تھا ، ماما! مجھے تو جہاز اڑانے کے علاوہ کچھ آتاہی نہیں، راج نیتی کی باتیں سر پر سے گزر جاتی ہیں۔ تقریر تو دور کی بات، چار بندوں سے بھی مخاطب ہوں تو ٹانگیں کانپنے لگتی ہیں۔ ایسے میں مجھے ووٹ کون دے گا، خواہ مخواہ کی جگ ہنسائی ہو گی۔ اندراجی کا جواب سننے لائق ہے۔ ’’اس کی تم فکر نہ کرو۔ نہروز اور گاندھیز کی سیاسی کمائی تمہاری پشت پر ہو گی۔ اندراجی کی ہلاکت کے بعد یہی شرمیلا اور اندرون بین راجیو پانچ برس تک انڈیا کا وزیراعظم رہا۔