سائرہ افضل تارڑ کو صدر پاکستان کی جانب ستارہ امیتاز دیا گیا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)وفاقی وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کو پاکستان میں پولیو کی بیماری کے خاتمے کے حوالے سے اعلی ترین کارکردگی کے اعتراف میں صدر پاکستان کی جانب ستارہ امیتاز دیاگیا۔ وزیر صحت نے اپنا ایوارڈ اُن پولیو ورکز کے نام کردیا جنہوں نے پولیو خاتمے کے پروگرام کی کامیابی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اور وہ جو اس وقت آئندہ آنیوالی نسلوںکو پولیو سے محفوظ کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں اور پولیو پروگرام کی کامیابی میں اُن کا بھی اہم کردار ہے۔ سائرہ افضل تارڑ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں اللہ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ عوام کی خدمت اور پاکستانی بچوں اور مائوں کے لیے کچھ کرنے کا موقع ملا۔ وزیر قومی صحت نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کی قیادت میں اس وقت تک کوششیں جاری رکھیں گے جب تک پاکستان میں پولیو کا ایک کیس بھی ہے موجودہ حکومت نے پولیو کے خا تمے کیلئے اقوام متحدہ، و رلڈ ہیلتھ اسمبلی ، پولیو خاتمے کے انڈی پینڈنٹ مانیٹرنگ بورڈ اور بین الاقومی فورمز میں پاکستان کی نمائندگی اور پاکستان کا موقف بھر پور انداز میں کیا ۔ موثر ویکسین منیجمنٹ سسٹم بہت اہمیت کا حا مل تھا اور اس سلسلہ عالمی معیار پر ایک ویکسین مینجمنٹ اورٹریکنگ کا نظا م قائم کیا جس کی آئی ایس او نے تصدیق کی اور عالمی سطح پر اس کائوش کو ترقی پذیر ممالک میں ماڈل کے طور پیش کیا گیا۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سنجیدگی سے پولیووائرس کے خاتمے کے لئے تمام شراکت داروں کو یکجا کیا اور شہر کی کچی آبادیوں اور گردو نواح میں ذاتی طور پر مانیٹرنگ کی تاکہ وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کی جائے ۔سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ میرے لیے یہ ایک مسرت کا موقع ہے کہ پولیو کے خاتمہ اور صحت شعبہ میں بہترین کارکردگی کے اعتراف میں صدر پاکستان کی جانب سے مجھے ستارہ امیتاز عطا کیا گیا ہے ۔