لاہور‘ 3 کمسن بچوں کو گلا دبا کر قتل کر دیا گیا‘ ماں نے مارا: پولیس
لاہور (آن لائن‘ صباح نیوز‘ نوائے وقت نیوز)لاہور میں بیدیاں روڈ پر واقع ایک رہائشی کالونی میں 3 کمسن بچوں کو مبینہ طور پرنے گلا دبا کر قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملنے پر جب پولیس ٹیم وہاں پہنچی تو گھر میں 3 بچوں کی نعشیں بیڈروم میں پڑی تھیںجبکہ ان کی والدہ انیقہ بھی زخمی تھیں اور اس کی کلائی پر زخم کا نشان تھا۔واضح رہے کہ خاتون کو سوا سال قبل اس کے شوہر نے طلاق دے دی تھی۔بچوں کی شناخت 10 سالہ زین العابدین، 6 سالہ کنیز فاطمہ اور4 سالہ ابراہیم کے نام سے ہوئی ہے۔ جن کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب پولیس نے اہلخانہ سے تفتیش شروع کردی ہے جبکہ فرانزک ٹیموں نے بھی شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔ پولیس کے مطابق بچوں کو ماں نے ہی قتل کیا ہے اور وہ ذہنی مریضہ لگتی ہے۔ ذرائع کے مطابق بچوں کی ماں بظاہر نشے کی عادی لگتی ہے جبکہ اس کے قبضے سے برآمد ہونے والی گاڑی بھی رات کو حادثے کا شکار ہوئی۔ پولیس کے مطابق بچوں کی ماں کے بیان میں بھی تضادات پائے گئے ہیں جسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔ ایس پی کینٹ بلال کے مطابق تمام پہلوئوں پر تفتیش کی جارہی ہے جبکہ مقتولین کی والدہ کے موبائل کا ریکارڈ بھی حاصل کیا جارہا ہے۔