عمران خان نے کبھی بھی سندھ کی تقسیم کی بات نہیں کی ، ڈاکٹر عارف علوی
حیدرآباد( نمائندہ نوائے وقت) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سندھ میں بڑی تبدیلی آرہی ہے۔ عمران خان کے آئندہ دورے سندھ کے دوران اہم شخصیات پی ٹی آئی میں شامل ہوں گی۔ پیپلزپارٹی نے سندھ کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔ کاشتکاروں سے ان کا حق چھینا گیا ہے سندھ میں 28 شوگر ملز میں سے 19 شوگرملز زرداری کی ملکیت ہونے کی وجہ سے کاشتکاروں کو عدالتوں کے احکامات کے باوجود حق نہیں مل سکا اب کاشتکاروں سے گندم کا بار دانہ چھیننے کی تیاریاں ہورہی ہیں ۔ بار دانہ کارکنان میں تقسیم ہوگا ، وہ پارٹی اجلاس کی صدارت کرنے کے بعد حیدرآباد میںپریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ان کے ہمراہ علیم عادل شیخ، صداقت جتوئی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ عمران خان نے بھی سندھ کی تقسیم کی بات نہیں کی۔ مخالفین نے ان کے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا جس کی مذمت کرتے ہیں۔ عمران خان سندھ کے عوام کے حقوق کے لئے مسلسل جدوجہد کررہے ہیں ۔ عمران خان بار بار بیان دے چکے ہیںکہ سندھ کی تقسیم کسی صورت قبول نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان تیاری کرلیں سندھ میں بڑی وکٹیں گرنے والی ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان 6-5 اپریل کو لوئرسندھ 16-17 اپریل کو اپر سندھ لاڑکانہ اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے، کارکنان تیار ہوجائیں۔