وزیرا عظم کی ترجمان سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو تمغہ ستارہ امتیاز سے نوازاگیا
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)پولیو تدارک پروگرام میں مطلوبہ اہداف کے حصول کے لیے غیر متزلزل اور بے مثال قیادت پر صدر پاکستان نے وزیرا عظم کی ترجمان برائے پولیو تدارک پروگرام، سینیٹر عائشہ رضا فاروق کو یوم قرار داد پاکستان 23 مارچ کے موقع پر تمغہ ستارہ امتیاز سے نوازا تاہم سینیٹر عائشہ رضا نے یہ تمغہ ملک بھر میں پولیو ٹیموں کی جانب سے جاری بہادرانہ اور لازوال جدوجہد کے نام کر دیا۔صدر پاکستان کی جانب سے تمغہ ستارہ امتیاز حاصل کرنے کے بعد سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے، "بلاشبہ یہ تمغہ میں نے وصول کیا ہے لیکن میں یہ ایورڈ ہر اس پولیو ٹیم ممبر کے نام کرتی ہوں جنہوں نے پولیو کے خاتمے کے لیے غیر متزلزل عزم کے ساتھ انتھک جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے۔ ایمرجنسی اپریشن سینیٹرز کے کوارڈینیٹرز کی کوششوں سے پولیو مہم کے معیار کو بہتر بناتے ہوئے آج پولیو تدارک کا پروگرام بڑی کامیابی کے ساتھ اپنے اہداف کے حصول کی راہ پر گامزن ہے۔سال 2014 سے گذشتہ سال 2017 کے اختتام تک کے عرصے میں پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد میں 97 فیصد تک کی نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ محتاط اعداد و شمار کے سال 2014 میں پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد 306 ریکارڈ کی گئی تھی جبکہ گذشتہ سال 2017 کے اختتام پر ملک میں پولیو سے متاثرہ کیسز کی تعداد صرف 8 تھی جو کہ پولیو کے خاتمے کے لیے جاری پروگرام کے تناظر میں ایک بڑی کامیابی ہے۔ رواں سال 2018 میں ابھی تک پولیو سے متاثرہ ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔