چارہ کرپشن کیس: لالو پرساد یادیو کو 14 برس قید اور جرمانہ
رانچی( آن لائن ) بھارتی ریاست بہار کے سابق وزیراعلی اور راشٹریہ جنتا دل کے سربراہ لالو پرساد یادیو کو چارہ کرپشن کیس میں 14 برس قید اور 60 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا ہے۔بھارتی ریاست جھار کھنڈ کے شہر رانچی کی عدالت نے 69 سالہ سابق بھارتی وزیراعلٰی لالو پرساد یادیو کو چوتھے چارہ کیس میں دو جرم ثابت ہونے پر 7، 7 برس قید کی سزا سنائی۔لالو پرشاد کو سزا کے بعد ان کے بیٹے تیجاشوی یادیو کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انہیں اپنے والد کی زندگی کے حوالے سے خطرہ ہے کہ جیل میں ان کیخلاف کوئی سازش کی جائے گی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی اور وزیراعلٰی بہار نتیش کمار چاہتے ہیں کہ لالو پرساد جیل سے باہر نہ آئیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ اگر سابق وزیراعلی بہار جیل سے باہر آ گئے تو نریندر مودی کا دوسری مرتبہ وزیراعظم بننے کا خواب پورا نہیں ہو گا۔دوسری جانب بہار کے نائب وزیراعلی سوشیل کمار مودی نے لالو پرشاد کے بیٹے کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی زندگی کو کیسے خطرہ ہو سکتا ہے کہ جب کسی کو ان سے ملنے کی اجازت ہی نہیں دی جائے گی۔