آئندہ سال پی ایس ایل میچ حیدرآباد میں کرائیں گے ‘ وزیراعلی سندھ کا اعلان
لاہور + کراچی (نمائندہ سپورٹس /سپورٹس رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نیشنل سٹیڈیم کا دورہ کیا اور پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل کیلئے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سکیورٹی کے تمام انتظامات کا ایک بار پھر جائزہ لینے کے لیے سٹیڈیم آئے ہیں۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ بخیر و عافیت سے پی ایس ایل فائنل ہوجائے گا۔وزیراعلیٰ نے امید کا اظہار کیا کہ آئندہ برس پی ایس ایل کا ایک میچ حیدرآباد کے نیاز کرکٹ سٹیڈیم میں بھی کروایا جائے گا۔پی ایس ایل ٹرافی دبئی سے کراچی پہنچ گئی، ٹرافی کو سخت سکیورٹی میں قافلے کی شکل میں سٹیڈیم لے جایا گیا ، اس موقع پر رینجرز ، پولیس اور دیگر بھی ہمراہ تھے۔ پی ایس ایل ٹرافی کی مالیت 80 لاکھ روپے سے زائد ہے۔ ٹرافی ڈائمنڈ کٹ، سلور سٹونز اور سونے کی پلیٹوں سے بنائی گئی ہے۔ خوبصورتی بڑھانے کیلئے زرقون سمیت قیمتی پتھر بھی لگائے گئے ہیں۔ ٹرافی پر 11 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سونے کا بیٹ اور بال بھی نصب ہے۔ ٹرافی فائنل جیتنے والی ٹیم کو دی جائیگی۔ پی ایس ایل تھری فائنل سے قبل اسلام آباد یونائٹیڈ نے وقاص مقصود کو اپنے سکواڈ میں شامل کرلیا۔ایونٹ کے ابتدائی مراحل میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہونے والے پیسر رومان رئیس کی فٹنس تاحال بحال نہیں ہوسکی، ان کا خلا پر کرنے کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے وقاص مقصود کو شامل کرنے کی درخواست کی تھی جس کی ٹیکنیکل کمیٹی نے اجازت دےدی۔ وقاص مقصود کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور وہ قائد اعظم ٹرافی میں واپڈا کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ پی ایس ایل کی ٹیم پشاورزلمی کے کھلاڑی تمیم اقبال کی فائنل میں شرکت کے امکانات معدوم ہونے لگے۔ اطلاعات کے مطابق انجری کے باعث کراچی کنگز کے خلاف دوسرے پلے آف میچ میں شریک نہ ہوپانے والے تمیم اقبال فائنل میچ کیلیے بھی کراچی نہیں پہنچ پائیں گے۔ اوپنر نے واضح کیا ہے کہ فائنل میچ میں شمولیت سے متعلق وہ کوئی بھی فیصلہ بنکاک میں فزیشن سے ملاقات کے بعد ہی کریں گے۔
آئند