28 مارچ کا نظام مصطفیؐ کنونشن تاریخ ساز ہوگا: پیر صفدر گیلانی
فیروزوالا (نامہ نگار ) جمعیت علماء پاکستان (نورانی ) کے سیکرٹری جنرل پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی نے کہاہے کہ 28 مارچ کو ایوان اقبال لاہور میں منعقد ہونے والا نظام مصطفیؐ کنونشن تاریخ ساز ثابت ہوگا۔ کنونشن میں تکمیل نظریہ پاکستان کا عہدکیا جائے گا اور ملک کے چاروں صوبوں سے آئے ہوئے جے یو پی کے عہدیداران علماء و مشائخ استحکام و سالمیت پاکستان کیلئے متحد ہو کر جدوجہد کا عزم کریں گے ۔ پیر سید صفدر شاہ گیلانی نے کہا کہ کنونشن کی صدارت جے یو پی کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کریں گے جبکہ کنونشن سے نظام مصطفی متحدہ محاذ کے سرپرست اعلی پیر سید منور حسین شاہ جماعتی ، چیئرمین صاحبزادہ سید حامد سعید کاظمی، ثروت اعجاز قادری ، حامد رضا ، جلیل احمد شرقپوری، پیر سلطان ریاض الحسن، پیر محمد امین الدین سیالوی کے علاوہ دیگر علماء و مشائخ خطاب کریں گے ۔