لوڈشیڈنگ ختم کردی، الیکشن اکھاڑہ بننے والا ہے، دیکھیں کشتی کون جیتتا ہے: خواجہ آصف
سیالکوٹ(نامہ نگار) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہمارے مخالفین عدالتوں کے دروازے کھٹکھٹاتے ہیں جبکہ ہم ووٹ کیلئے عوام کے دروازے کھٹکھٹا رہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونین کونسل پورہ ہیراں میں ٹف ٹائل منصوبہ کے افتتاح کے بعد جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پراعجاز اے کھوکھر، ڈپٹی میئر چوہدری بشیر، چیئرمین یو سی پورہ ہیراں چوہدری امداد حسین، وائس چیئرمین عامر سلیم میر،چیئرمین یو سیز عبدالقدیر شیخ، خرم خان بھی موجود تھے۔خواجہ محمد آصف نے کہا کہ انتخابات 15سے 31 جولائی کے درمیان ہونگے۔ 31 مئی کو حکومت ختم ہو گی اور اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی۔ نواز شریف آج وزیر اعظم نہیں رہے لیکن ان کے ان مٹ نقوش قائم رہیں گے۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ ہمارے اوپر قرض تھا عوام کے دیرینہ مسائل حل کریں۔ہم 2013 ء میں منتخب ہو کر آئے اور اپنے وعدے کو پورا کیا۔ حکومت پانچ سال مدت پوری کرے گی۔ نوازشریف کی قیادت میں سیالکوٹ نہیں طول ارض نیجو ترقی کی وہ ستر برس میں نہیں ہوئی۔ بلوچستان میں ہماری حکومت میں اٹھارہ سو کلو میٹر سڑکیں نواز شریف نے مکمل کیں۔ نواز شریف آئینی وزیراعظم نہیں لیکن انہوں نے کراچی سے لے کر گلگت تک اپنی محبت کے انمٹ نقوش چھوڑے ہیں۔ جب ہماری حکومت آئی سولہ سے اٹھار گھنٹے تک لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی۔ دو ہزار میگاواٹ بجلی دسمبر تک نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔ وزیر اعظم سے کرسی تو چھین لو گے لیکن اسکے ترقیاتی کام کیسے چھینو گے۔ حکومتں پہلے بھی آئیں لیکن گوادر پورٹ پر نواز شریف نے قدم اٹھایا۔ مخالفین نیب میں لے جا کر سمجھتے ہیں کو ئی دبہ لگا دیں گے۔ کوئی کہتا ہے کہ جوڈیشل مارشل لا لگا دو اب 2018 ء میں عوام کی عدالت لگے گی جس میں فیصلہ ہو گا۔ سیاسی جنگ ووٹوں سے لڑی جاتی ہے عدالتوں میں نہیں۔ الیکشن کا اکھاڑہ سجنے والا ہے دیکھتے ہیں کشتی کون جیتتا ہے۔ میری دولت میرے شہر کے باسی ہیں۔ اگر میں بے وفائی کروں گا سیاست کو ذاتی مفاد کے لئے استعمال کروں گا تو امانت میں خیانت کروں گا۔ ایک فوجی آمر جو خوار ہو رہا ہے دوسری جانب میاں نوازشریف کا طوطی بول رہا ہے۔ عدالتوں کے فیصلوں پر تنقید ہمارا حق ہے۔ آئین کس نے توڑا تاریخ گواہ ہے۔ ہماری آئینی اور نظریاتی سرحدیں بھی محفوظ ہونی چاہئیں۔میڈیا اگر آئین کی حفاظت کے لئے استعمال کیا جائے تو بہت خوش آئند ہو گا۔ تقریب سے چوہدری محمد اکرام اور چوہدری امداد حسین نے بھی خطاب کیا۔ نواز شریف چوتھی مرتبہ بھی وزیراعظم بنیں گے، یوم پاکستان پر دشمن کو پیغام دیدیا ہم جواب دینے کیلئے تیار ہیں، آئین سے ماورا حکمرانی نے ملک و قوم کو نقصان پہنچایا ہے۔