ایم کیوایم کوتقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے: فاروق ستار
کراچی(صبا ح نیوز)ایم کیوایم پاکستان ( کے کنوینر فاروق ستارنے کہا ہے کہ ایم کیوایم کوتقسیم کرنے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستارنے کہا کہ ایم کیو ایم کو دیوارسے لگایا گیا اور مظالم ڈھائے گئے لیکن کبھی ایم کیو ایم سے الگ نہیں ہوا اورنہ کوئی الگ جماعت بنائی، ایم کیوایم کو تقسیم کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، خالد مقبول صدیقی کو یوم تاسیس کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ایم کیوایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ سینٹ میں ہارس ٹریڈنگ کی گئی، مردم شماری میں مہاجروں کوکم گنا گیا، ہمارے منتخب نمائندوں کو قتل کیا جارہا ہے، ہم کارکنان کوصبرکی تلقین کرتے ہیں لیکن کب تک ہمارے نمائندوں اور کارکنان کے قتل کا سلسلہ جاری رہے گا، قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی کارکردگی سامنے لائیں، قاتلوں کو گرفتار کرکے قرار واقعی سزا دلائی جائے۔