دین سے دوری کے باعث مسلمان پستی کا شکار ہیں : مولانا ذوالفقار نقشبندی
شجاع آباد (خبر نگار)تعلق باللہ کے بغیر زندگی میں سکون ممکن نہیں، ذکراللہ قرب کا ذریعہ ہے، مسلمانوں کی پستی کی واحد وجہ دین سے دوری ہے۔ ان خیالات کا اظہار معروف شیخ طریقت مولانا پیر حافظ ذوالفقار احمد نقشبندی نے جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے سالانہ اجتماع ختم قرآن کریم وختم صحیح بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اہل اسلام رجوع الی اللہ، توبہ واستغفار کی مدد سے اپنی انفرادی واجتماعی پستی کا علاج کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ استغفارترقی رزق ، گناہوں کی بخشش اور خوشحالی کا واحد ذریعہ ہے۔ جامعہ فاروقیہ شجاع آباد کے شیخ الحدیث اور وفاق المدارس العربیہ جنوبی پنجاب کے ناظم مولانا زبیراحمد صدیقیؔ نے کہا کہ امام بخاریؒ نے اخلاص، جہد مسلسل اور تعلق باللہ کی برکت سے صحیح بخاری تالیف فرمائی، جو تیرہ صدیوں سے امت کے ہاتھوں میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس بھی انہیں تین اصولوں پر قائم ہیں، دنیا کی کوئی طاقت انہیں نہیں مٹاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے مدارس کی رجسٹریشن پر پابندی عائد کر رکھی ہے، قرآن وسنت کے اداروں پر پابندی کی سزا انہیں آخرت اور آئندہ الیکشن میں بھگتنا ہو گی۔ انہوں نے کہا حکومت کے مدارس پر قبضے کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا، وفاق المدارس کی قیادت کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی قانون قبول نہیں ہوگا۔ اس موقع پر 415طلباء وطالبات نے فراغت حاصل کی۔ اجتماع میں 70حفاظ وحافظات اور 34علماء وعالمات کی دستار بندی و دوپٹہ پوشی کی گئی۔ الفاروقیہ ٹرسٹ رجسٹرڈ شجاع آباد کے زیر انتظام 115یتیم طلباء میں گراں قدر تحائف اور نقدی تقسیم کی گئیں۔ اجتماع سے شیخ الحدیث سید جاوید حسین شاہ ، مولانا مفتی محمد حسن، مولانا محمد نواز ، ڈاکٹر قاری سعید الرحمن نقشبندی، مولانا مفتی محمد طیب معاویہؔ، مولانا محمد عمیر صدیقیؔ نے خطاب کیا۔