مولوی اے کے فضل الحق کا تحریک آزادی میں کرداراہم ہے، صالح ظہور
کراچی(اسٹاف رپورٹر) مولوی اے کے فضل الحق شیر بنگال کا آل انڈیا مسلم لیگ کے قیام کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی پاکستان میں شاندار و لازوال کردار ہے۔ آج نام نہاد دانشور محض تعصب کے باعث ان کے کردار سے انکاری ہیں۔ تاریخ مسخ کرنے والوں کا جغرافیہ بھی باقی نہیں رہتا۔ ان تاثرات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ شیر بنگال کے قائد ڈاکٹر صالح ظہور نے PML(SB) مرکز ریکسر پرانا گولیمار میں یوم استقلال پاکستان پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں کیا۔ اس موقع پر مرکزی صدر ڈاکٹر علائوالدین، مظفر احمد، مولان ابوالبشر مجددی، مامون الرشید ایڈووکیٹ، مفتی عبدالحق بیانی ، وحید حسین و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر صالح ظہور نے کہا کہ شیر بنگال کو قراردادِ پاکستان پیش کرنے کا اعزاز حاصل ہے۔ انہی کی سعی و جہد سے 1912ء میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح مسلم لیگ کا حصہ بنے، نسلِ نو کو ان کی خدمات و کارناموں سے آگاہ کرنے کیلئے نصاب میں خصوصی مضمون شامل کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد پاکستان میں کئے گئے مسلمانان ہند کے اس مطالبات اور پھر اس موقع پر ہندوستان بھر کی نمائندہ مسلم قیادت کی جانب سے اظہارِ خیال مسلمانان ہند کے اس سیاسی شعور کی آواز تھی جس نے ہمارے آج کو تحفظ و استحکام عطا کیا۔