صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی پیپلزپارٹی کا وژن ہے‘ سینیٹر کریم خواجہ
کراچی(ہیلتھ رپورٹر) پیپلزپارٹی سینیٹر ڈاکٹر کریم احمد خواجہ کی سربراہی میں ایک وفد نے پاورٹی ارپڈیکشن انیشیٹیو کے زیر انتظام چلنے والے سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال‘ نارتھ ناظم آباد کراچی کا دورہ کیا۔سینیٹر کریم خواجہ جو حکومتی ہیلتھ ایڈوائزری بورڈ کے رکن بھی ہیں کہ دورہ کا مقصد اسپتال کے مختلف شعبے جات‘ طبی سہولیات اور انتظامی امور کی کارکردگی کا جائزہ لیناتھا۔ پی ای آئی اسپتال کی انتظام کاری کے ساتھ ساتھ محکمہ صحت کے اشتراک سے سندھ پیپلز ہیلتھ پروگرام کے تحت سندھ کے تمام اضلاع میں صحت کے حوالے سے کام کررہی ہے جبکہ ایس پی ایچ پی پروگرام حکومت سندھ کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ شعبے کے تحت کام کررہاہے۔ اسپتال کی سی ای او ڈاکٹرفاطمہ محبت علی نے بریفنگ میں اسپتال کی کارکردگی اور دیگر ضروری تفصیلات سے وفد کو آگاہ کیا۔ دوسری جانب ڈاکٹر قدیر احسن نے پی ای آئی کے تحت ہونے والی دیگرسرگرمیوں سے مہمانوں کوروشناس کرایا۔ سینیٹر کریم خواجہ نے وارڈز کا دورہ کیا اور مریضوں سے ملاقات کرکے مسائل سنے۔ اس موقع پرانہوں نے بچوں میں شوز تقسیم کئے۔ جوتے بچوں کو پاﺅں کے زخم اور دیگر عام نوعیت کی جراثیمی بیماریوں اور تکالیف سے بچاﺅ میں مدد گارثابت ہوںگے۔ کریم خواجہ نے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے دن رات کوشاں ہے۔ پیپلزپارٹی کا وژن عوام کی خدمت ہے۔ پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو پارٹی قائد شہید بے نظیر بھٹو کا عوام کی خدمت کا مشن ہی پیپلز پارٹی کا اوڑھنا بچھونا ہے جو ہمیشہ جاری رہے گا۔