ایرانی ایٹمی پروگرام: اسرائیل نے مذاکرات کی جاسوسی کر کے معلومات ارکان کانگریس کو دیں: امریکی اخبار
نیویارک (نمائندہ خصوصی+بی بی سی) امریکی جریدے وال سٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے ایران کے جوہری پروگرام کے حوالے سے امریکی سربراہی میں مذاکرات کی جاسوسی کی تھی اور ان خفیہ معلومات کو امریکی قانون سازوں ارکان کانگریس کے حوالے کیا تھا۔ ادھر اسرائیل کے ایک سینئر اہلکار نے بی بی سی کو بتایا مذاکرات کی جاسوسی کے حوالے سے یہ خبر بالکل جھوٹی ہے۔ امریکی کانگریس کے کئی ریپبلکن ارکان ایران کے ساتھ جوہری پروگرام کے معاہدے کے مخالف ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے پچھلے برس مذاکرات کی خفیہ سن گن لینی شروع کی اور اس نے یورپ میں امریکی اہلکاروں کو ملنے والی خفیہ بریفنگ تک رسائی حاصل کر لی تھی۔ اس رپورٹ پر اوباما انتظامیہ ناراض ہے اور وائٹ ہاؤس کو بھی برا لگا۔ معاہدہ رکوانے کیلئے کانگریس میں لابنگ کی۔