رینٹل پاور کیس، احتساب عدالت نے آئندہ سماعت پر تمام ملزمان کو طلبی کے سمن جاری کردیئے

25 مارچ 2014

اسلام آباد (ثناء نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں رینٹل پاور کیس میں آئندہ کی سماعت پر تمام ملزمان کو طلبی کے سمن جاری کردیئے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اگلی سماعت میں تمام ملزمان حاضری کو یقینی بنائیں۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے رینٹل پاور ریفرنس کی سماعت کی۔ اس دوران سماعت سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے وکیل امجد اقبال قریشی عدالت میں پیش ہوئے۔تاہم ملزمان کی عدم حاضری کے باعث فرد جرم عائد نہ کی جاسکی اور کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے نو اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ نیب نے سابق وزیراعظم  کے خلاف نیا ریفرنس دائر کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے رینٹل پاور کرپشن کیس کی سماعت کی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف حاضری سے استثناء  کے بعد عدالت میں پیش نہیں ہوئے، دوسری جانب  نیب نے رینٹل پاور کرپشن کیس میں سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف نیا ریفرنس جمع کروا دیا، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ راجا پرویز اشرف کے بطور وزیر پانی و بجلی فیصلوں سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا۔عدالت نے راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو طلب کرتے ہوئے سماعت نو اپریل تک ملتوی کردی۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کی مشینری کی غیر قانونی منتقلی کا الزام ہے۔