پنجاب کی خوش قسمتی ہے اسے شہباز شریف جیسا وزیراعلیٰ ملا: گورنر کا خراج تحسین

25 مارچ 2014
پنجاب کی خوش قسمتی ہے اسے شہباز شریف جیسا وزیراعلیٰ ملا: گورنر کا خراج تحسین

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے 11 ویں سالانہ کانووکیشن کی تقریب میں بارش اور خراب موسم کے باوجود شرکت کی۔ انہوں نے بی ایس، ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی کرنے والی طالبات کو ڈگری حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اگر لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دنیا کی ممتاز ترین 500 یونیورسٹیوں کی فہرست میں اپنا نام شامل کرلے تو پنجاب حکومت کے خزانے کھول دیں گے۔ تقریب میں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وزیراعلیٰ کی طرف سے تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں زبردست اقدامات پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انہیں محنتی اور ویژنری لیڈر قرار دیا۔ گورنر نے کہا کہ پنجاب کی یہ خوش قسمتی ہے کہ اسے شہباز شریف جیسا وزیراعلیٰ ملا ہے جنہوں نے 2010 میں ملکی تاریخ کے سب سے بڑے سیلاب کے دوران اگلے محاذ پر جاکر متاثرین کی امداد کے کاموں کی نگرانی کی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے قیام کا فیصلہ شہباز شریف کا ایک اور کارنامہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں اس بات پر مسرت کا اظہار کیا کہ قوم کی بیٹیوں نے میڈیکل، انجنیئرنگ اور دیگر تعلیمی شعبوں میں لڑکوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر یہ شعر پڑھا:
ایک ہی صف میں کھڑے ہوگئے محمود و ایاز
نہ کوئی بندہ رہا نہ کوئی بندہ نواز
  انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام اس شعر پر کیا :
 ان اندھیروں میں بھی منزل تک پہنچ سکتے ہیںہم
جگنوئوں کو راستہ تو یاد ہونا چاہیئے