لاہور: لاکھوں کے ڈاکے، کامونکے میں نہ رکنے پر فائرنگ کر کے عالم دین کو مار ڈالا
لاہور+ کامونکے (نامہ نگاران) لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا جبکہ کامونکے میں ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے عالم دین کو مار ڈالا۔ ڈاکوؤں نے مصری شاہ کے علاقہ میں گن پوائنٹ پر کار سوار علی عثمان اور اس کی فیملی سے 16 لاکھ روپے، نواب ٹاؤن میں ساجد سرور اور اس کی فیملی سے 8لاکھ روپے، غازی آباد میں عامر اور اس کی بیوی سے5 لاکھ روپے کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ فیصل ٹاؤن کے علاقہ میں ڈاکوؤں نے حارث رانا کی موبائل شاپ میں گھس کر سکیورٹی گارڈ کو رسیوں سے باندھ کر 19 لاکھ روپے کے موبائل فون، نقدی اور دیگر سامان لوٹ لیا ۔حارث رانا کے مطابق اس کی دکان میں پہلے بھی18لاکھ روپے کی واردات ہوئی تھی مگر پولیس 10ماہ گزر جانے کے باوجود اس واردات میں ملوث ملزمان کا سراغ لگانے میں کامیاب نہیں ہوسکی لیکن اب دوبارہ اس کی دکان میں واردات ہو گئی ہے۔ ڈاکوؤں نے اسلام پورہ میں لیاقت سے 2لاکھ، جوہر ٹاؤن میں عمران حیدر سے 1لاکھ، اسلام پورہ میں واصف سے 95ہزار، موٹر سائیکل، جوہر ٹاؤن میں فاروق سے 90ہزار، کاہنہ میں وقار سے 75ہزار، سمن آباد میں بابر سے64ہزار، گلشن راوی میں عمران سے 46ہزار، اقبال ٹاؤن میں عبدالرزاق سے34ہزار، گلشن راوی میں ندیم سے 23ہزار، شاہدرہ میں نیاز سے 5ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے شمالی چھاؤنی سے کلیم، گارڈن ٹاؤن سے شاہد، گلبرگ سے جمیل، نواب ٹاؤن سے کرنل (ر) اشتیاق، ستو کتلہ سے مبین کی گاڑیاں جبکہ گلشن راوی سے متین، اقبال ٹاؤن سے خالد، ستوکتلہ سے ذوالفقار، گرین ٹاؤن سے ذیشان، ہنجر وال سے نواز، غالب مارکیٹ سے عدنان، کاہنہ سے وقار، غازی آباد سے فیاض، باغبانپورہ سے مزمل، رائیونڈ سٹی سے عمر، اسلام پورہ سے کاشف کی موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔کامونکے میں موٹرسائیکل نہ روکنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے عالم دین کو مار ڈالا۔ گذشتہ رات رانا ٹاؤن کا مولوی سکندر حیات کمسن نعت خواں عمر فاروق کے ہمراہ موٹرسائیکل پر نماز عشاء منعقدہ محفل میں شرکت کے لئے جارہا تھا موضع نند پور کے رقبہ میں سے گزرنے والے راجباہ میں چھپے ڈاکوؤں نے نہ رکنے پر فائرنگ کرکے سکندر حیات کو شدید زخمی کر دیا تشویش ناک حالت کے پیش نظر لاہور ہسپتال میں لے جایا جا رہا تھا موضع کھوڑی کے قریب دم توڑ گیا۔ علاوہ ازیں نامہ نگار کے مطابق سرگودھا میں صراف کا بھائی کروڑوں روپے کا سونا لوٹ کر فرار ہو گیا۔ سابق وزیر مملکت برائے امور داخلہ کے بھائی سمیت درجنوں تاجرکروڑوں روپے سے محروم ہوگئے۔ صرافہ بازار کے تاجر شاہد نے مختلف تاجروں سے کروڑوں روپے کا سونا لیکر کارروبار میں لگا رکھا تھا۔ریاض عرف بھولا رات گئے دکان سے لاکرز کا تالا کھول کر تمام سونا لیکر غائب ہو گیا۔