جسقم کے رہنما مقصود قریشی ساتھی سمیت رتو ڈیرو میں سپرد خاک‘ اندرون سندھ کئی شہروں میں ہڑتال

25 مارچ 2014

رتو ڈیرو (آئی این پی)  جسقم رہنما مقصود قریشی  اور ان کے ساتھی  کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کردیا گیا‘ نماز جنازہ میں جسقم کے رہنمائوںسمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر اندرون سندھ کے مختلف شہروں میں ہڑتال کے باعث کاروبار زندگی معطل رہا پیر کو جسقم رہنما مقصود قریشی  اور ان کے ساتھی کو رتو ڈیرو بائی پاس پر نماز جنازہ  کی ادائیگی کے بعد آہوں اور سسکیوں میں  آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مقصود قریشی کو ان کے بڑے بھائی بشیر قریشی کے پہلو میں دفن کیا گیا۔ نماز جنازہ کے موقع پر انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے لوگ دھاڑیں مار مار کر روتے رہے  اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے پولیس اور رینجرز شہر بھر میں تعینات کئے گئے تھے۔ علاوہ ازیں رتو  ڈیرو سمیت اندرون سندھ کے دیگر شہروں میں ہڑتال کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔