بلدیاتی الیکشن نہ کروانے پر 4 صوبائی حکومتوں کیخلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے: شجاعت

25 مارچ 2014
بلدیاتی الیکشن نہ کروانے پر 4 صوبائی حکومتوں کیخلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے: شجاعت

لاہور (آئی این پی) (ق) لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے  حکمران پرویز مشرف کا مسئلہ جتنی جلدی حل کرلیں ان کیلئے بہتر ہو گا‘ بلدیاتی انتخابات نہ کروانے پر 4 صوبائی حکومتوں کے خلاف مقدمہ درج ہونا چاہئے‘6ماہ میں بجلی کا بحران ختم کرنے والے حکمرانوں نے لوڈشیڈنگ میں 6گھنٹے کا اضافہ کر دیا ہے۔ طالبان سے مذاکرات کی کامیابی کیلئے دعا گو ہیں اور اگر مذاکرات سے امن قائم ہو جائے تو بہت اچھا ہو گا۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران چودھری شجاعت حسین نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کو  اقتدار میں آنے کے بعد دہشت گردی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کو حل کرنا چاہئے تھا لیکن یہ آتے ہی پرویزمشرف کے پیچھے پڑ گئے جس کی وجہ سے ملکی مسائل میں بہت زیادہ اضافہ ہو چکا ہے۔ اس کے باوجود مشرف کیس سے حکمرانوں کو کچھ نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت انتخابی وعدوں کا ذکر بھی نہیں کرتی بلکہ قوم سے نئے وعدے کئے جا رہے ہیں ان کو چاہئے کہ پہلے عام انتخابات کے وعدے پورے کریں۔