سپورٹس فیسٹیول سے نوجوانوں میں اعتماد‘ پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر ہوا: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) سپورٹس فیسٹیول نے نوجوانوں کو انتہاپسندی اور منفی رویوں سے بچا کر انہیں احساس شرکت اور اعتماد بخشا۔ سپورٹس فیسٹیول نے پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرکے اسے ایک بار پھر دنیا بھر کی سپورٹس ٹیموں کیلئے محفوظ اور پسندیدہ ملک کا درجہ دلایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی حمزہ شہبازشریف نے قطر کی قومی کرکٹ ٹیم کی آمد کے سلسلہ میں نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سپورٹس رانا مشہود احمد خان‘ ڈی جی سپورٹس عثمان انو اور چیئرمین پنجاب ٹورازم عمران علی گورائیہ کے علاوہ قطر کی کرکٹ ٹیم اور پاکستان اے ٹیم کے کھلاڑی بھی موجود تھے۔ حمزہ شہبازشریف نے کہا کہ ہماری قیادت نوجوان نسل کو ملک کا حقیقی وارث اور مستقبل کی قیادت سمجھتی ہے۔