آسٹریلیا کیخلاف قومی ٹیم کی شاندار کارکردگی

25 مارچ 2014

آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد آسٹریلیا کو 16رنز سے شکست دیدی۔ آسٹریلیا کی ٹیم 192 کے تعاقب میں 176 رنز پر ڈھیر ہو گئی پاکستان کی جیت میں عمر اکمل کے 94 رنز اور سعید اجمل کی سنسنی خیز بولنگ کا نمایاں کردار ہے۔
پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے آسٹریلیا کو 192 رنز کا ہدف دیا تھا۔ جو بظاہر ایک بڑا ہدف تھا لیکن آسٹریلوی بیٹسمین میکسویل کی دھواں دار بیٹنگ نے 32 گیندوں پر 74رنز بنا کر میچ جیتنے کی پوزیشن مستحکم کرلی تھی۔وہ شاہد آفریدی کا شکار بنے تو اسکے بعد سعید اجمل کی سنسنی خیز بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ کر مرجھائے پاکستانی چہروں پر خوشیاں بکھیر دیں۔ میکسویل کے آئوٹ ہونے کے بعد آسٹریلیا کی وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گرنا شروع ہو گئیں۔ عمر گل نے اچھی بائولنگ کی جب کہ ذوالفقار بابر نے پہلے اوور میں2وکٹیں لے کر آسٹریلیا کو پریشرائز کیا۔ عمر اکمل نے اپنی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کر کے کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ لیکن کرکٹ ٹیم کو اپنے عوام کی نفسیات سمجھنا ہونگی۔ قوم تو یہ چاہتی ہے کہ کرکٹ ٹیم کسی اور ملک سے میچ جیتے یا ہارے۔ لیکن بھارت سے ہر میچ لازمی جیتے قومی ٹیم کوعوامی امنگوں کا خیال رکھنا چاہئیے۔ اور آنے والے میچز میں بھی اسی طرح اتفاق و اتحاد اور قومی جذبے سے کھیلتے ہوئے ٹائیٹل جیت کر ملک و قوم کا سرفخر سے بلند کرنا چاہئیے۔