مکتوب فرانسں
صاحبزادہ عتیق الرحمن
فرانس میں پاکستانی چار دہائیوں سے زائد عرصے سے مقیم ہیں فرانس میں آنے والے پاکستانیوں نے مزدوری سے آغاز کیا اور پھر وقت کے ساتھ ساتھ فرانس میں رہائشی پرنٹ حاصل کرنےکے بعد بہت سوں نے اپنے کاروبار شروع کردئے ۔آج بلاشبہ ہزاروں پاکستانی فرانس کے طول وعرض میں اپنا کاروبار کررہے ہیں ۔جس میں امپورٹ و ایکسپورٹ ، ریستوران ، ٹھیکیداری ، رئیلاسٹیٹ ، جنرل اسٹور ، فاسٹ فوڈ وغیرہ جیسے کاروبار شامل ہیں۔ فرانس میں گزشتہ چار دہائیوں میں پاکستانیوں نے مذہبی ، فلاحی و سیاسی تنظیمیں بھی بنائیں اور کمیونٹی کے لئے کام بھی کئے۔لیکن پاکستانی بزنس کمیونٹی کے لئے کوئی پلیٹ فارم کبھی بھی نہ بن سکا۔ فرانس میں حکومت پاکستان کی طرف سے اعزازی انویسٹمنٹ قونصلر تعینات کئے جاتے رہے ، کسی سفارش یا رشتہداری کی وجہ سے ایسے عہدے پر تعینات ہونے والوں نے کبھی بھی پاکستانی کاروباری افراد کی مشکلات جاننے یا ان کے مسائل کے حل کے لئے کبھی کوئی کوشش نہیں کی۔ اور نا ہی پاکستانی کاروباری حضرات کو پاکستان میں انویسٹمنٹ کرنے کی کوئی ترغیب دی۔
پاکستانی بزنس کمیونٹی کے لئے ایک پلیٹ فارم کے قیام کے لئے پیرس کے نواحی علاقے میں فرانس میں موجود پاکستانی بزنس کمیونٹی کا بہت بڑا پروگرام منعقد ہوا جس کی میزبانی فرانس کی معروف سماجی شخصیت حاجی محمد اسلم چوہدری نے کی۔پروگرام میں فرانس میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے بہت سے سرکردہ بزنس مین موجود تھے جِن میں ایک اچھی خاصی تعداد ابھرتے ہوئے نوجوانوں کی بھی تھی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعتِ رسولِ مقبول سے ہوا اور کروناکی وباءسے شہید ہوجانے والے تمام احباب کے لئے دعا سے ہوا ۔ بعد ازاں میزبانِ محفل حاجی محمد اسلم چوہدری نے آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور پروگرام کے اغراض ومقاصد کے بارے میں حاضرین کو بریفنگ دیتے ہوئے بزنس فورم کی اہمیت اور ضرورت پر سیرحاصل گفتگو فرمائی۔ انہوں نے کرونا وباءکی وجہ سے گزشتہ ڈیڑھ سال سے بزنس کمیونٹی کو درپیش مسائل کو مدِ نظر رکھتے ہوئے فرانس میں پاکستانی بزنس کمیونٹی کے لیے بزنس فورم کے قیام پر زوردیا،دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بزنس فورم پاکستانی بزنس مینوں کے مسائل کے حلکے لئے پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ بزنس فورم کے ممبران فرانسیسی چیمبر آف کامرس کا حصہ بنیںگے۔ فورم کے ذریعے فرانسیسی تاجر تنظیموں اور حکومتی عہدے داروں سے قریبی روابط قائم ہوں گے۔ نئے بزنس مینوں کو بزنس قوانین سے آگاہی اور قانونی معاملات میں مدد دی جائے گی۔بزنس فورم کے پلیٹ فارم سے کمیونٹی میں اتحاد و اتفاق کا ایک نیا باب رقم ہوگا ، اور بزنس مسائل کے علاوہ سماجی مسائل کے حل کا بھی دروازہ کھلے گا۔ بزنس فورم فرانس اور پاکستان کے مابین تجارت کے فروغ کے لئے بھی کوشش کرے گا۔ اس فورم کا قیام وقت کی اہم ضرورت تھی اور امید ہے کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی اس پلیٹ فارم کی کامیابی کے لئے بھرپورکردار ادا کرے گی۔
مقررین میں سردار ظہور اقبال ، ابراھیم ڈار ، صاحبزادہ عتیق ، یاسرخان، ابوبکر گوندل، قاضی محمدہارون ، سید شبیر حسین شاہ، یاسر قدیر، شیخ زاہد فیاض، چوہدری اکرم وسن، پرویز چوہدری، صوفی محمد نیاز، راجہ مظہر ذمہ واریہ ،میاں منیر اور دیگر شامل تھے۔ مہمانوں نے گفتگو کرتے ہوئے بزنس فورم کے قیام کو نہ صرف سراہا بلکہ ہر ایک نے فورم کی کامیابی کے لئے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لانے کا اعادہ بھی کیا۔ پروگرام میں موجود تمام شرکاء نے متفقہ طور پر حاجی محمد اسلم چوہدری کو بزنس فورم کا کنوینئر جبکہ دو ڈپٹی کنوینئر سردارظہور احمد اور ابراہیم ڈار صاحب نامزد کردیے گئے۔ کمیٹی مزید بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنےاحباب تک اپنا پیغام پہنچائے گی تاکہ جلد پاکستانی بزنس کمیونٹی کی بڑی گیدرنگ کا اہتمام کیا جاسکے۔اس تقریب میں اتفاق رائے سے بزنس فورم کا کنوینر حاجی محمد اسلم چوہدری کو چنا گیا۔ فرانس کے معروف پاکستانی بزنس مین سردار ظہور اقبال اور ابراہیم ڈار کو ڈپٹی کنوینر چنا گیا اور ایک کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا جس میں بانی ارکان صاحبزادہ عتیق الر حمن ، یاسر خان ، نعیم چوہدری بھی شامل ہیں۔ یہ کمیٹی اگلے چند روز میں مزید شخصیات کو شامل کرے گی۔ تقریب میںرضاکارانہ نام بھی ہیش کئے گئے۔ اگلے چند دنوں میں کنوینر اور ڈپٹی کنوینر ز صاحبان کمیٹی کے ساتھ مل کر فورم کا مکمل ڈھانچہ تیار کریں گے اور عنقریب بزنس فورم کے پلیٹ فارم سے پاکستانی بزنس مینوں کے لئے کام شروع کردیا جائے گا۔ تقریب کے آخر میں تمام مہمان آپس میں گھل مل گئے اور بزنس فورم کے قیام کو خوش آئیند قراد دیا۔ کنوینر حاجی محمد اسلم چوہدری کی طرف سے مہمانوں کی پرتکلف کھانوں سے تواضع کی گئی۔