ملتان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کی تعلیم کے منصوبے پر عملدرآمد شروع
ملتان (خصوصی رپورٹر) ملتان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے افراد کی تعلیم کے حوالے سے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب کے پائلٹ پراجیکٹ پر عمل درآمد تیز کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز ایک اہم اجلاس ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن) عطاء الحق کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ایڈیشنل سیکرٹری (سکولز ایجوکیشن) محمد انصر سیال سمیت محکمہ تعلیم کے افسران اور ماہرین تعلیم نے شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری عطاء الحق نے کہا کہ پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر گورنمنٹ کمپری ہینسیو گرلز ہائی سکول ملتان میں ٹرانس جینڈر کمیونٹی کے لئے بہت جلد کلاسز کا آغاز کر دیا جائے گا، ٹرانس جینڈر افراد کی سہولت کے پیش نظر یہ کلاسز شام کے اوقات میں منعقد کی جائیں گی، جبکہ شہر کے مخصوص علاقوں سے پک اینڈ ڈراپ سروس کے علاوہ ٹرانس جینڈر طلبہ کو کپڑے، جوتے، فیس اور بستے بھی مہیا کئے جائیں گے۔