اسٹار ہاکی اکیڈمی جیکب آباد کے اعزاز میں کے ایچ اے ویمن ونگز کا عشائیہ
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر )جیکب آباد سے تعلق رکھنے والی اسٹار ہاکی اکیڈمی کی ویمن پلیئرز کے اعزاز میں کے ایچ اے ویمن ونگ کی سرپرست اسماء علی شاہ نے اپنی رہائش گاہ پر ایک عشائیہ کا اہتمام کیا، جس میں کھیلوں کی ممتاز شخصیات سمیت ہاکی لورز نے شرکت کی۔ اسٹپ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن شائستہ کھوسو اوراسٹار اکیڈمی جیکب آباد کی صدر وکوچ ارم بلوچ نے کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ،جس نے ویمن پلیئرز کی ہاکی میں بہتری کے لئے پندرہ روزہ کیمپ کا اہتمام کیا،اس کے ساتھ ان کی رہائش سمیت دیگر سہولیات بھی فراہم کی،ڈاکٹر اسماء علی شاہ نے کہا کہ جیکب آباد کی ویمن پلیئرز نے جس طرح سے کیمپ میں اپنے کھیل کی بہتری کے لئے محنت کی وہ قابل تعریف ہیں، انہوں نے کہا کہ کے ایچ اے کے صدر ڈاکٹر جیند علی شاہ اور سیکریٹری حیدر حسین نے جس طرح سے ہاکی کی بھاگ دوڑ کو اپنے ہاتھوں میں لیا ہے اس وقت سے کراچی میں ہاکی میں زبردست کام ہوا، جس کے لئے ان کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی،اسماء شاہ نے مزید کہا کہ اس نے جس طرح سے مردوں کی ہاکی کے ساتھ ویمن ہاکی کے لئے جو کام کئے ہیں ، ماضی میں ایسا کبھی نہیں ہوا، صرف عہدے لینے سے کام نہیں چلے گا،عملی طور پر جس طرح حیدر حسین گراؤنڈ پر موجود ہوتے ہیں ،دیگر کھیلوں میں اس طرح کام ہوتو ہماری اسپورٹس مزید ترقی کرے گی، کراچی باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر اور معروف اسپورٹس آرگنائزر غلام محمد خان نے بھی کے ایچ اے کی جانب سے ہاکی کے لئے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے سیکریٹری حیدر حسین کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انٹرنیشنل ہاکی پلیئر اور سمر کوچنگ کیمپ کے ہیڈ کوچ پرویز اقبال نے کہا کہ جیکب آباد کی ویمن پلیئرز نے کافی محنت کی ہیں، جس طرح سے ان بچیوں نے کیمپ میں محنت کی ہے ،مستقبل میں ان پلیئرز میں سے کئی کھلاڑیوں کو آگے آنے کے موقع میسر آئیں گے،میں کے ایچ اے کے سیکریٹری حیدر حسین اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں جس نے یہ سہولت مہیا کی،کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے سیکریٹری حیدر حسین نے کہا کہ صدر کے ایچ اے ڈاکٹر جنید علی شاہ کے وڑن کے مطابق کام کررہے ہیں، جس طرح سے ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کراچی ہاکی کے لئے اپنا وقت اور پیسہ خرچ کیا ہے ،کے ایچ اے کمپلیکس کو آباد کرنے میں ان کا کا بڑا کردار ہے۔واضح رہے کہ اولمپئن حنیف خان اینڈ ڈاکٹر جنید علی شاہ ہاکی اسپورٹس کمپلیکس گلشن اقبال میں لاڑکانہ ڈویڑن سے تعلق رکھنے والی اسٹار اکیڈمی جیکب آباد کی 25 کی ویمن ہاکی ٹیم کی کھلاڑیوں کاتربیتی کیمپ انٹرنیشنل پلیئر پرویز اقبال،سید شجاعت علی، اسٹپ فاؤنڈیشن کی چیئرپرسن شائستہ کھوسو ، اسٹار اکیڈمی جیکب آباد کی صدر اور کوچ ارم بلوچ نے اپنی ذمہ داری ادا کررہی ہیں۔