بجلی، پانی کی بندش کیخلاف ماڑی پورکے مکینوں کا دھرنا، ٹریفک معطل
کراچی(سٹی نیوز)کراچی کے علاقے ماڑی پور اور اطراف میں پانی کی قلت اور بجلی کی بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے مین ماڑی پور روڈ پر نکل کر احتجاج کیا اور آئی سی آئی پل کے قریب دھرنا دے دیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔مظاہرین کے مطابق ماڑی پور، آگرہ تاج کالونی اور مچھر کالونی میں روزانہ رات12سے صبح6بجے تک بجلی معطل ہوتی ہے جس کے باعث شہری رات کو سو نہیں سکتے جبکہ علاقے میں طویل عرصہ سے پانی کی بھی قلت ہے۔پیر کی صبح پریشان حال مکینوں نے سڑک بلاک کرکے دھرنا دے دیا جس پر شیرشاہ پل سے لیکر آئی سی آئی پل تک گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جن میں ہیوی ٹریفک سمیت پبلک ٹرانسپورٹ کی گاڑیاں شامل تھیں۔سڑک بند ہونے کے باعث چھوٹی گاڑیوں نے شیرشاہ پل سے لیاری کی گلیوں کا راستہ لیا جس کے باعث گلیاں بھی جام ہوگئیں اور شہری گھنٹوں پھنسے رہے۔ لوگوں کو دفاتر اور کام کے مقامات پر پہنچنے میں تاخیرہوئی جبکہ شدید گرمی میں سڑک پر پھنس جانے کے باعث شہریوں کو سخت اذیت کا سامنا کرنا پڑا اور ایک شہری گرمی کے باعث بے ہوش ہوگیا۔تقریبا 2 گھنٹے تک سڑک بند رہنے کے بعد پولیس حکام پہنچے اور مذاکرات کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے جس کے نتیجے میں ٹریفک بحال ہوگئی مگر قطاریں بہت لمبی ہونے کے باعث 12 بجے تک صورت حال معمول پر نہ آسکی۔