پتنگ ہمارا نشان ایم کیو ایم پہچان ہے‘عامر خان
کراچی(نیوز رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر محمد عامر خان نے کہا ہے کہ ماضی میں جو کچھ بھی ہوا اسے بھلا کر ہمیں اپنی تمام توانائیاں الیکشن 2018ءپر موکوز رکھنی ہے ، آئندہ الیکشن میں ”پتنگ ہمارا نشان اور ایم کیوایم ہماری پہچان “ایم کیوایم کا سلوگن ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ کورنگی و ملیر کے زیراہتمام شاہ فیصل ٹاﺅن کے علاقے میں واقع ناصر حسین شہید پارک میں منعقد کی گئی عید ملن تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب سے ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل اور ڈسٹرکٹ کورنگی وملیر کے حق پرست چیئرمین نیر رضا نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے اراکین زاہد منصوری ، ابو بکر صدیقی ، محمد شاہ خان اور گلفراز خٹک سمیت ڈسٹرکٹ کورنگی کے بلدیاتی نمائندوں ، ٹاﺅن اور ڈسٹرکٹ کے تنظیمی ذمہ داروں کے علاوہ علاقائی معززین بھی موجود تھے ۔ عید ملن تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے محمد عامر خان نے کہا کہ ماضی میں مشکلات ، مسائل اور کٹھن حالات کے باوجود کارکنان نے ایم کیوایم کے دیئے کو جلائے رکھا ہے اور ایم کیوایم کے مخلص ، ثابت قدم اور وفادار کارکنان مستقبل میں بھی اس روایت کو قائم رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کارکنان کی ذمہ داری ہے کہ تنظیم کے ساتھ جڑے رہیں ، کارکنان کیلئے ہم جو کچھ بھی کرسکتے ہیں کرتے ہیں ، ہم تنظیم میں میرٹ کا نظام چاہتے ہیں تاکہ ایم کیوایم پر کوئی پیرا شوٹر نہ اتر سکے ۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم مہاجر قوم کیلئے مختلف محاذوں پر لڑ رہی ہے ، اختیارات کی کمی کے باوجود بلدیاتی نمائندے دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں ، ڈسٹرکٹ کورنگی و ملیر کے حق پرست چیئرمین نیر رضا بہترین صلاحیت کے مالک ہیں اور ان کی کارکردگی عوامی سطح پر اطمنان بخش ہے ۔ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کنوینر نوید جمیل نے کہا کہ حق پرست بلدیاتی نمائندوں نے بہت محدود وسائل کے باوجود عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھی ہے ۔ کچھ عناصر الیکشن کو ہائی جیک کرنے کی تیاریاں کررہے ہیں ۔ عید ملن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ کورنگی و ملیر کے حق پرست چیئرمین نیر رضا نے کہا کہ آنے والا الیکشن مہاجر قوم کے مستقبل کا تعین کرے گا ، ملک بھر سے سیاسی گدھ ووٹ لینے کیلئے کراچی کا وزٹ کررہے ہیں ، یہ سیاسی گدھ صرف الیکشن کے موقع پر ہی آرہے ہیں انہوں نے عوام سے یہ تک پوچھنا گوارا نہیں کیا کہ کراچی والوں کا دکھ کیا ہے ، جو بھی آتا ہے کراچی پر لشکر کشی کی بات کرتا ہے ، کوئی کراچی والوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کی بات نہیں کرتا ۔
عامر خان