شیخ رشید کا موٹر سائیکل پر اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ‘ شہری حیران
راولپنڈی ( نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) عوامی مسلم لیگ کے صدر اور این اے 60 اور 62 سے قومی اسمبلی کے امیدوار شیخ رشید احمد نے اتوار کو صبح اپنے حلقہ انتخاب کا موٹر سائیکل پر انتخابی دورہ کرکے شہریوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا وہ اچانک لال حویلی سے ایک کارکن کے ساتھ لال حویلی سے کمیٹی چوک آئے اور بعدازاں مری روڈ سے اصغر مال روڈ پر مختلف مقامات پر ووٹروں سے ملاقات کرکے انہیں سرپرائز دیا وہ دو سال پہلے کمیٹی چوک میں بھی احتجاجی تحریک کے دوران موٹر سائیکل پر اسی طرح کا مظاہرہ کر چکے ہیں جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کرنے سے انکار کر دیا تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق شیخ رشید اپنی انتخابی مہم کے سلسلے میں موٹرسائیکل پر سوار ہو کر اپنے حلقے میں نکلے اور ناشتے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سوچ رہا ہوں قلم دوات کی جگہ موٹرسائیکل کا انتخابی نشان لے لوں۔انہوں نے آخری دس روز موٹرسائیکل پر انتخابی مہم چلانے کا اعلان کیا ہے، انہوں نے انتخابات میں ریکارڈ ووٹ لینے اور چوروں اور ڈاکوﺅں سے لوٹی دولت واپس لانے کا بھی دعویٰ کرڈالا۔شیخ رشید نے کہا کہ حالات جیسے بھی ہوں ہمیں الیکشن کی طرف بڑھنا چاہیے
شیخ رشید دورہ