عوام کے مسائل انکی دہلیز پر حل کرینگے‘ چودھری تنویر خان
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) سینیٹر چودھری تنویر خان این اے 61 سے مسلم لیگ ن کے قومی اسمبلی کے امیدوار ملک ابرار احمد اور پی پی 14 کے امیدوار اسامہ تنویر چودھری نے لالکڑتی میں ممبر کینٹ بورڈ چکلالہ محمد جمیل کے زیراہتمام مسلم لیگ ن کے الیکشن آفس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر منعقدہ انتخابی جلسے سے چودھری تنویر خان‘ ملک ابرار احمد‘ اسامہ تنویر چودھری‘ وائس پریذیڈنٹ چکلالہ کینٹ بورڈ راجہ عرفان امتیاز‘ کینٹ مسلم لیگ کے سابق جنرل سیکرٹری چودھری محمد شبیر‘ ممبران کینٹ بورڈ محمد جمیل‘ خرم صدیق نے بھی خطاب کیا۔ چودھری تنویر خان نے کہا کہ مسلم لیگ ن میاں نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں ملکی امن و استحکام اور عوامی خوشحالی کا سفر جاری رکھے گی ہم عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔ ملک ابرار احمد نے کہا کہ ہم نے نئی پائپ لائن بچھا کر سوئی گیس کے پریشر کا مسئلہ حل کیا۔ سڑکوں‘ گلیوں کی تعمیر و مرمت اور دیگر عوامی اور شہری مسائل حل کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں اور ہم آئندہ بھی عوامی خدمت کا سفر جاری رکھیں گے۔ اسامہ تنویر چودھری کا کہنا تھا کہ میں سب سے کم عمر امیدوار صوبائی اسمبلی ہوں مجھے عوامی مسائل کا احساس ہے اور میں تعلیم‘ صحت‘ پانی کے مسائل حل کرنے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کروں گا۔