لاہور (خصوصی رپورٹر) دنیا میں زندہ رہنے کیلئے قوم کا طاقتور ہونے کے علاوہ علم کے میدان میں ترقی یافتہ ہونا بھی ضروری ہے طلبہ اپنی تعلیم پر مکمل توجہ دینے کے ساتھ نظم و ضبط کی پابندی کو اپنا شعار بنائیں اور ایک دوسرے کی عزت کریں۔ ان خیالات کا اظہار پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان شاہراہ قائداعظمؒ لاہور میں جاری نظریاتی سمر سکول میں بطور مہمان خاص طلباءو طالبات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ محمد مجاہد نے تلاوت کلام کی سعادت حاصل کی، حذیفہ اشرف نے تلاوت کی گئی آیات کا اردو جبکہ عثمان نے انگریزی ترجمہ کیا۔ فواد احمد نے بارگاہ رسالت مآب میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جبکہ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض محمد عمر نے انجام دیئے۔ پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ آج مجھے یہاں آکر بڑی خوشی محسوس ہو رہی ہے اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین مجید نظامی اور ان کے رفقاءاس نظریاتی سمر سکول کے انعقاد پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہی قوم مضبوط اور طاقتور تصور ہوتی ہے جو علم کو ہر چیز پر فوقیت دیتی ہے۔ حکومت سب کیلئے تعلیم لازمی قرار دے جبکہ پورے ملک میں یکساں نصاب تعلیم ہونا چاہئے۔ پروگرام کے اختتام پر مختلف مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے اور سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کرنے والے طلباءوطالبات میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ شاہد نور کو ”دن کے بہترین طالب علم“ کا انعام دیا گیا۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024