لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے گزشتہ روز علی الصبح زیرتعمیر علامہ اقبال روڈ کے توسیعی منصوبے کے معائنے کے دوران وہاں پر جاری کام کی رفتا رکا جائزہ لیا، علامہ اقبال روڈ پر سیوریج کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا اور دھرم پورہ ڈرین کی تعمیرمکمل نہ ہونے پر واسا کے ذمہ دار افسروں کو معطل کرنے کے احکامات جاری کئے۔ شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترقیاتی منصوبوںکی شفاف اور تیز رفتار تکمیل ہماری پالیسی ہے، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے منصوبوں میں دلچسپی نہ لینے والے افسران کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ عوام کی سہولت کے لئے علامہ اقبال روڈ کے توسیعی منصوبے اور سیوریج کے کام کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ اپنے نمائندے سے کے مطابق معطل ہونے والوں میں ایم ڈی واسا ڈاکٹر جاوید اقبال بھی شامل ہیں۔ انہیں صوبائی دارالحکومت میں پانی کے بحران پر قابو نہ پانے پر اور محکمہ کی ناقص کارکردگی پر گزشتہ روز پنجاب حکومت نے معطل کردیا۔ دریں اثنا شہبازشریف نے مینار پاکستان ٹینٹ آفس میں سائلین سے ملاقات کے دوران ان کی شکایات سنیں اور بعض شکایات کے ازالے کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ چھانگا مانگا سے خاتون نے بتایا کہ میری بیٹی اغواءہوئی تھی لیکن پولیس نے درست تفتیش نہیں کی، وزیراعلیٰ نے مقدمے کی تفتیش تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ایک ہفتے کے بعد اس بارے میں رپورٹ دی جائے۔ شاد باغ کی خاتون کی بیٹی کو بینک آف پنجاب میں معذوروں کے کوٹے پر ملازمت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خاتون کے گروی مکان کو چھڑانے کے لئے قرض کی رقم بھی ادا کر دی جائے۔ ایک اور خاتون نے بتایا کہ اس کا شوہر مکینیکل انجینئر ہے، وہ شادی کے بعد مجھے اٹلی لے گیا لیکن وہاں سے میری والدہ کی بیماری کا بہانہ بنا کر مجھے واپس پاکستان بھیج دیا اور طلاق دے دی۔ سوتیلے باپ نے بھی گھر میں رکھنے سے انکار کر دیا۔ مجھے اور کمسن بیٹی کو اٹلی بھجوانے کا اہتمام کیا جائے، جس پر وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ خاتون کو اٹلی بھجوانے کا بندوبست کیا جائے اور اس کی واپسی کے اخراجات ادا کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کی فراہمی کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا۔ پولیس ظالم کا ہاتھ روکے اور مظلوم کی دادرسی کرے۔ تھانوں میں حصول انصاف کے لئے آنے والو ںکے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آیا جائے۔ اگر پولیس مقامی سطح پر ہی لوگوں کی دادرسی کرے تو انہیں میرے پاس آنے کی زحمت نہ اٹھانا پڑے۔ کھیل صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، پنجاب حکومت صوبے میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ایک مربوط پروگرام پر عمل پیرا ہے- صوبے بھر میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال، والی بال اور دیگر کھیلوں کے میدانوںکا جال بچھایا جا رہا ہے۔ قبضہ مافیا سے سرکاری زمینیں وگذارکروا کر وہاں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ کھیلوں اور ہارٹیکلچر کے فروغ کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے پنجاب کا نیا چہرہ سامنے آئے گا۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ صوبے بھر میں کھیلوں کے میدانوں کے لئے مزید مقامات کی نشاندہی کی جائے اور خواتین کے لئے بھی زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے میدان اور پارکس بنائے جائیں۔ وہ ٹینٹ آفس میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ اور پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں سرکاری اراضی پر قابضین کی نشاندہی کی جائے اور ان سے یہ اراضی واگذار کرا کر یہاں نوجوانوں کے لئے سپورٹس کی سہولتیں مہیا کی جائیں۔ وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں میٹرو بس سروس کے لئے پیکج 6 کی تعمیر کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف سبزہ زار میں مسلم لیگ (ن) کے کارکن و کوآرڈینیٹر نذیر خان سواتی کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024