لاہور(آئی این پی) مسلم لیگ ہم خیال کے سیکرٹری اطلاعات میاں محمد آصف نے سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد‘ بجلی کی لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو 10 نکاتی مطالبات بھجوا دیئے ہیں ان میں سوئس حکام کو فوری خط لکھنے اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے مستقل حل کیلئے فوری طور پر کالا باغ ڈیم بنانے کا مطالبہ کیا گیا۔ گذشتہ روز وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کو بھجوائے جانیوالے 10 نکاتی مطالبات میں مسلم لیگ ہم خیال کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات میاں محمد آصف نے کہا حکومت ملک میں آئین اور قانون کی حکمرانی اور عدلیہ سے محاذ آرائی ختم کرنے کیلئے سوئس حکام کو فوری طور پر خط لکھے تا کہ لوٹی ہوئی دولت واپس آ سکے۔ ملک میں بجلی کے بحران کی وجہ سے نہ صرف معیشت تباہ ہو رہی ہے بلکہ بیروزگاری میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اس لئے ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بجلی بحران کے مستقل حل کیلئے وفاقی حکومت فوری طور پر کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا اعلان کرے‘ مہنگائی کے خاتمے کیلئے پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتیں مزید کم کی جائیں تاکہ اشیائے خوردو نوش اور کرایوں میں بھی کمی ہو سکے‘ کرپشن کے خاتمے کیلئے ملک میں احتساب کا شفاف ادارہ بلا تاخیر قائم اور عدالتی احکامات کے مطابق کرپٹ افراد کےخلاف کارروائی کی جائے‘ ڈرون حملے ملک کی سلامتی پر حملہ ہیں ان کو روکنے کیلئے سکیورٹی اداروں کو ڈرون طیارے گرانے کا حکم دیا جائے۔حکومت کسی بھی صورت نیٹو سپلائی بحال نہ کرے۔ملک میں شفاف اور منصفانہ انتخابات کیلئے حکومت تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے چیف الیکشن کمیشن کی تقرری اور ملک میں جلد از جلد عام انتخابات کا اعلان کرے۔ وزیراعظم کو بجھوائے جانیوالے دس نکاتی مطالبات میں مزید کہا گیا کہ کراچی میں قیام امن کیلئے وہاں پر رینجرز سمیت دیگر قانون نافذ کرنیوالے ادارے بلا تفریق کارروائی کریں اور حکومت کراچی کا امن تباہ کرنیوالی قوتوں کی پشت پناہی ختم کردے۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024