دورہ امریکا کامیاب رہا، ٹرمپ جلد پاکستان آئیں گے، پاکستان برابری کی سطح پر خود کو منوانے میں کامیاب رہا: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستان برابری کی سطح پر خود کو منوانے میں کامیاب رہا ہے ، پاک امریکا تعلقات ماضی کی نسبت مستقبل میں بہترین رہیں گے.وزیراعظم نے جمعرات کو اس امر کاظہار وفاقی کابینہ کو دورہ امریکہ کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ دورہ امریکا اپنی نوعیت کا کامیاب دورہ ہے۔ پاکستان برابری کی سطح پر خود کو منوانے میں کامیاب رہا۔وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں پاکستان نے بھرپور کردار ادا کیا، پاکستان اور امریکا کے تعلقات ماضی کی نسبت مستقبل میں بہترین رہیں گے۔رپورٹ کے مطابق وزیراعظم نے امریکی صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا۔علاوہ ازیں وفاقی کابینہ نے 17جولائی کو اقتصادی رابطہ کمیٹی(ای سی سی)اجلاس میں ہونے والوں فیصلوں کی توثیق کردی۔خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے 21سے 23 جولائی تک امریکا کا تین روزہ سرکاری دورہ کیا۔اس دورے کے دوران وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو، امریکی اراکین کانگریس کے علاوہ پاکستانی نژاد تاجروں سے بھی ملاقات کی۔اس کے علاوہ وزیراعظم عمران خان نے کیپیٹل ارینا میں جلسے سے خطاب بھی کیا اور مختلف ٹی وی چینلز کو انٹرویوز بھی دیئے۔