پاکستان میں میڈیا مکمل آزاد ہے، گورنر سندھ
کراچی ( وقائع نگار )گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وزیر اعظم کا دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا۔ جہاں انہوں نے مسئلہ کشمیر سمیت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی، باہمی تجارت کو بڑھنے، افغانستان کے مسئلے کے علاوہ دیگر اہم اشوز پر حکومتی موقف کا بھرپور اظہار کیا۔ وزیر اعظم پاکستان کا دورہ عالمی سطح پر بڑی سفارتی فتح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس میں پریس کانفرنس میں گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی حکومت پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی حجم کو 20 گناہ بڑھانے کا خواہاں ہے جس سے ایک طرف ٹریڈ میں اضافہ ہوگا جبکہ دوسری جانب قرضوں کی ادائیگی میں بھی مدد ملے گی۔ امریکی صدر نے پاکستانیوں اور پاکستانی مصنوعات کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بخوبی اندزاہ ہے کہ عمران خان اپنی ذات سے بڑھ کر ملک کے مفاد کو مقدم رکھتے ہیں۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ یہ تاثر بالکل غلط ہے کہ قادیانیوں کے حوالے سے پاکستان کے آئین میں کوئی تبدیلی لائی جارہی ہے۔ میڈیا کی آزادی کے حوالے سے کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا مکمل آزاد ہے جبکہ تعمیری تنقید سے مسائل کے حل میں مدد ملتی ہے۔