راولپنڈی ،2576 پولنگ سٹیشنزکے لئے پولنگ سامان کی ترسیل کا عمل سارا دن جاری رہا
راولپنڈی (نیوزرپورٹر) آج 25 جولائی بروز بدھ کو ہونے والے عام انتخابات کے لئے راولپنڈی کے2576 پولنگ سٹیشنزکے لئے پولنگ کے سامان کی ترسیل کا عمل سارا دن جاری رہا۔پولنگ کے سامان کی وصولی کے لئے پریذائڈنگ آفیسرز صبح صبح ہی جوڈیشل کمپلیکس پہنچنا شروع ہوگئے تھے۔ جن میں خواتین پریذائڈنگ آفیسرز کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ریٹرنگ آفیسر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خالد نوازکے زیر نگرانی سامان تقسیم ہوا۔ شدید گرمی اور حبس کے باوجود پریڈائڈنگ آفیسرز بیلٹ پیپرز، بیلٹ بکس ، انمٹ سیاہی اور دیگرسٹیشنری کا سامان وصول کرتے اور اپنے پولنگ سٹیشنز پر روانہ ہوتے رہے۔دوردراز کے علاقوں میں تعینات خواتین پریذائڈنگ آفیسرز کو اس موقع پر گرمی اور رش کے باعث کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ذرائع کے مطابق شہر کے نزدیکی علاقوں میں قائم پولنگ سٹیشنز پر پولنگ کے سامان کی ترسیل شام تک مکمل ہوگئی تھی جبکہ دوردراز کے علاقوں میں بھی رات گئے تک پولنگ سامان کی ترسیل مکمل ہوگئی تھی۔ پولنگ آج (بدھ کی) صبح 8 بجے شروع ہوگی۔