نوید ملک کی قیادت میں وفد کا جدہ چیمبر آف کامرس کا دورہ
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ایک وفد نے چیمبر کے سینئر نائب صدر محمد نوید ملک کی قیادت میں جدہ چیمبر آف کامرس کا دورہ کیا اور جدہ چیمبر کے وائس چیئرمین مازن محمد بترجیی سے ملاقات کی۔ وفد میں محمد فہیم خان اور محمد اشفاق چھٹہ شامل تھے۔ ملاقات میں دونوں چیمبرز کے عہدیداران نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی تجارت کومزید بہتر کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا اوراس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک کی دوطرفہ تجارت کو بہتر کرنے کے لئے وہ مل کر کوششیں کریں گے۔ جدہ چیمبر آف کامرس کے وائس چیئرمین مازن محمد بترجیی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کا پرتپاک انداز میں استقبال کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اسلامی دنیا کے دو اہم ممالک اور قریبی دوست ہیں لہذا ضرورت اس بات کی ہے کہ باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کو مزید بہتر کرنے کیلئے دونوں ممالک کے نجی شعبوں کو مزید قریب لایا جائے تا کہ تاجر برادری آپس میں براہ راست ملاقاتیں کر کے مشترکہ تعاون کی نئی راہیں تلاش کر سکے۔