پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس کاعالمی دن آج منایاجائے گا
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس کاعالمی دن (آج) بدھ کو بھر پور طریقے سے منایاجائے گا۔ اس موقع پرعالمی ادارہ صحت ،ورلڈ ہیپاٹائٹس الائنس ، محکمہ صحت حکومت پنجاب ، لیور آرگنائزیشن پاکستان، پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن ، اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ،سیو دی لیور فائونڈیشن اور بعض دیگر تنظیموں کے اشتراک سے تمام صوبائی دارالحکومتوں سمیت ڈویژنل وضلعی ہیڈکوارٹرزپر خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا جائیگا جس کامقصد ہیپاٹائٹس بی اور سی کے بڑھتے ہوئے مرض کے بارے میں عوام کو شعور وآگاہی فراہم کرناہے ۔عالمی ادارہ صحت کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس اے میں 14لاکھ، ہیپاٹائٹس بی میں 2 ارب اور ہیپاٹائٹس سی میں 15 کروڑ سے زائد لوگ مبتلاء ہیں اور اس مرض سے سالانہ دس لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔