نیکٹا اور ایس ای سی پی کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) منی لانڈرنگ اور دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے کے لئے نیشنل کائونٹر ٹیررازم اتھارٹی(نیکٹا) اور سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج اتھارٹیز آف پاکستان (ایس ای سی پی) کے مابین مفاہتمی یادداشت پر دستخط کئے گئے، نیکٹا ہیڈکوارٹرز میں تقریب منعقد ہوئی جس میں نیکٹا کی طرف سے نیشنل کوآرڈینیٹر ڈاکٹر محمد سلیمان خان اور چیئرمین ایس ای سی پی شوکت حسین نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔ دونوں اداروں کے مابین مفاہمتی یاداشت کا مقصد دہشت گردی کیلئے مالی معاونت کی روک تھام کی مشترکہ کوششوں کو بروئے کار لانا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیکٹا کے نیشنل کوآرڈنیٹر ڈاکٹر محمد سلیمان نے کہاکہ نیکٹا اور ایس ای سی پی کے مایبن یہ اشتراک کار خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہاکہ نیکٹا دہشت گردی کے خلاف تھنک ٹینک کے طورپر اداروں کے درمیان کوارڈینیشن اور پالیسی سازی و فیصلہ سازی کے لئے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ایم او یو کے تحت جوائنٹ کنسلٹیٹو گروپ قائم کیاجائے گا اور ایک دوسرے کے تجربات و صلاحیتوں سے استفادہ کیاجائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد کار اور صلاحیت میں اضافے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی پس منظر میں ایس ای سی پی اور نیکٹا کا باہمی اشتراک اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کومالی معاونت اور رقم کی غیر قانونی ترسیل کے بارے میں آگاہی پیدا کی جائے گی۔ ڈاکٹر سلیمان نے کہاکہ ایس ای سی پی کے اشتراک سے این جی اوز اور دیگر اداروں کے لئے منی لانڈرنگ اور ٹیررسٹ فنانسنگ کو روکنے کے لئے گائیڈ لائنز تیار کی جائیں گی۔ اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین شوکت حسین نے کہاکہ منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی آمدنی کی ترسیل روکنے کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں گے۔ تقریب میں ایس ای سی پی اور نیکٹا کے سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر دونوں اداروں کے سربراہان کے مابین شیلڈز اور تحائف کا تبادلہ بھی کیاگیا۔