بارشوں کی کمی کے باعث زراعت کی پیداوار میں کمی واقع ہو رہی ہے
راولپنڈی ()نگران صوبائی وزیر زراعت و منصوبہ بندی پنجاب سردار تنویر الیا س خان نے کہا ہے کہ کسی بھی ملک کی معیشت میں زراعت ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کی ساٹھ فیصد آبادی کا انحصار زراعت کے شعبے پر ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں گزشتہ کچھ سالوں سے بارشوں کی کمی کے باعث زراعت کی پیداوار میں کمی واقع ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ڈیمز کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے اس لئے فوری طور پر ڈیمز تعمیر کئے جائیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بارش سے حاصل ہونے والے پانی کو ذخیرہ کیا جا سکے ۔ یہ بات انہوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی ،شمس آباد راولپنڈی میں زراعت کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔یونیورسٹی وائس چانسلر پروفیسر سروت مرزا، یونیورسٹی کے ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز مبشر ریاض ،ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئر خالد سیف اللہ ، رجسٹرارعقیل سلطان ، سعیدہ ارم عمر کے علاوہ شعبہ ریسرچ کے طلباو طالبات کی بڑی تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ صوبائی وزیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ رزاعت کی پیداوار میں اضافہ کے لئے یسرچ سنٹر ز پر زیادہ توجہ دی جائے اور زراعت سے متعلق مختلف ڈویلپمنٹ پراجیکٹ متعارف کرائے جائیں تاکہ زمیندار نوجوان جو شہروں میں کم تنخواہ پر ملازمت کر رہے ہیں وہ اپنی زمینوں کو کاشت کر کے اپنی آمدنی میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے ساتھ ساتھ ملکی ترقی میں بھی اپنا کردار ادا کر سکیں۔وائس چانسلر پروفیسر سروت مرزانے راولپنڈی ڈویثرن میں جاری زرعی پراجیکٹ اور ریسرچ سینٹر ز کے بارے میں اجلاس کو بریفنگ دی ۔