عرب امارات قطری شہریوں کے حقوق کا خیال رکھے: عالمی عدالت انصاف
جنیوا(آئی این پی )بین الاقوامی عدالت انصاف نے متحدہ عرب امارات کو حکم دیا ہے کہ وہ قطری شہریوں کے حقوق کا خیال رکھے، قطری طلباء کو تعلیم مکمل کرنے کے بھر پور مواقع فراہم کئے جائیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق بین الاقوامی عدالت انصاف نے متحدہ عرب امارات کو حکم دیا ہے کہ وہ قطری شہریوں کے حقوق کا خیال رکھے۔ اپنے ایک عبوری مگر نافذالعمل حکم میں عالمی عدالت نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو ہر حال میں ان خاندانوں کو آپس میں ملنے دینا چاہیے، جن خاندانوں میں سے کچھ قطری ہیں اور جن کے ارکان اس وقت الگ الگ ہیں۔ اس حکم نامے میں اماراتی حکومت کو یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ ان قطری طلبہ کو بھی تعلیم مکمل کرنے کا موقع دے، جن کی تعلیم قطر کے ساتھ تنازعے کی وجہ سے رک گئی ہے۔ گزشتہ برس جون میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور متعدد دیگر خلیجی ممالک نے قطر کے ساتھ اپنے تمام تر سفارتی، تجارتی اور سفری رابطے منقطع کر دیئے تھے۔