بحریہ کے سربراہ ظفر محمود عباسی مالدیپ کا دورہ مکمل کر کے عمان پہنچ گئے
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی مالدیپ کا دورہ مکمل کر کے خلیجی ریاست سلطنت آف عمان پہنچ گئے ہیں۔ بحریہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ دورے کے دوران ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے رائل نیوی آف عمان کے سربراہ ریئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی اور سلطان قابوس نیول اکیڈمی کے کمانڈنٹ سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ہیڈ کوارٹرز رائل نیوی آف عمان آمد پرر یئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی نے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کا استقبال کیا۔ رائل نیوی آف عمان کے چا ق و چوبند دستے نے نیول چیف کو سلامی پیش کی۔بعد ازاں، پاک بحریہ کے سربراہ نے رائل نیوی آف عمان کے سربراہ ر یئر ایڈمرل عبداللہ بن خامس ال رئیسی سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے پیشہ ورانہ اُمور بشمول دو طرفہ بحری اشتراک اور بحر ِ ہند کی سکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین تعاون کے مختلف شعبوں پر بھی گفتگو کی گئی۔ عمان کی شاہی بحریہ کے سربراہ نے پاک بحریہ کے آفیسرز و سیلرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی اورپاک بحریہ کی طرف سے رائل نیوی آف عمان کو تربیت کے سلسلے میں فراہم کیے جانے والے قابل قدر تعاون کو سراہا۔ دونوں ممالک کی بحری افواج کے سربراہان نے مختلف شعبوں جیسے تربیت، باہمی دورے اور بحری اشتراک میں تعاون کے فروغ پر بات چیت کی۔