مسلسل شکایات پر ڈی آر او اور اے آر او قلعہ عبداﷲ پھر تبدیل
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے متعدد شکایات پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ اور اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر بھر کو تبدیل کر دیا ۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے متعدد شکایات اور صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان کی رپورٹ پر فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ، (بلوچستان) محمد انور(ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن) کو تبدیل کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج قلعہ عبداللہ سید محمد ہارون کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر قلعہ عبداللہ تعینات کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے سابقہ ڈی۔آر۔او کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کی بھی منظوری دی ہے، ایک دوسری کارروائی میں الیکشن کمیشن نے اسسٹنٹ ریٹرننگ آفیسر این اے 97 بھکر سہیل انور کو بھی تبدیل کر دیا ہے اور ان کی جگہ آصف جاوید چیف آفیسر بھکر کو اے۔آر۔ او تعینات کر دیا ہے سابقہ اے۔ آ۔ر او کے ِخلاف شکایات تھی کہ وہ سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ الیکشن کمیشن نے سابقہ اے۔آر۔او کے خلاف بھی انضباطی کارروائی کرنے کی منظوری دی ہے۔