چودھری اسلم حملہ کیس کی سماعت 6 اگست تک ملتو ی
کراچی (سٹاف رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت میں چودھری اسلم حملہ کیس کی سماعت 6 اگست جبکہ سندھ ہائیکورٹ نے ڈی ایس پی نواز رانجھا اور ہیڈ کانسٹیبل جہانگیر کے قتل کیس کی سماعت 10 اگست تک ملتوی کر دی ہے۔ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں ڈی ایس پی نواز رانجھا قتل کیس میں گرفتار ملزم شاکر شاہ کی درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی جہاں استغاثہ کی جانب سے کیس کے گواہوں کی تفصیلات طلب کرنے کی استدعا کی گئی جس پر عدالت نے وکیل صفائی کو تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت 10 اگست تک ملتوی کر دی۔ علاوہ ازیں ایس پی چودھری اسلم حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہوئی جہاں ملزمان ظفر عرف سائیں اور عبید عرف آبی کو عدالت میں پیش کیا گیا لیکن عدالت کی منتقلی کے باعث کارروائی نہ ہو سکی۔ عدالت نے سماعت 6 اگست تک ملتوی کر دی۔