افغانستان : سیکیورٹی فورسز اور طالبان میں جھڑپ ،22جنگجو ، 2اہلکار ہلاک
غزنی (سنہوا+آئی این پی) افغانستان کے مشرقی صوبے غزنی میں سیکورٹی فورسز اور طالبان کے درمیان جھڑپ میں 22 جنگجو، 2 اہلکار ہلاک۔ صوبائی پولیس افسر فرید احمد کے مطابق جھڑپ میں طالبان کے دو کمانڈر مبارز کوچی اور خالد بھی ہلاک ہونے والوں میں شامل ہیں۔ جھڑپ میں 17 طالبان زخمی بھی ہو گئے۔ کابل میں متعدد راکٹ حملوں میں کم از کم 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس ڈسٹرکٹ کے رہائشی علاقے پر ایک راکٹ داغا گیا جس میں تین عام شہری زخمی ہوئے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ کچھ دیر بعد اسی علاقے کو ایک اور راکٹ کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ فی الحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ تاہم یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ایک خودکش بمبار نے دو روز قبل کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ اس واقعے میں 23 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ حملے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش نے قبول کی تھی۔