آصف زرداری کا زرداری گروپ لمیٹڈ میں ایکٹو رول ہے نہ ڈائریکٹر ہیں‘ کوئی انکوائری نہیں کی گئی: فاروق نائیک
لاڑکانہ (بیورو رپورٹ) پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے حسین لوائی منی لانڈرنگ کیس میں لاڑکانہ ہائیکورٹ سے فریال تالپور کی 6 روزہ ضمانت منظور ہونے کے بعد کہا ہے کہ ایف آئی اے کے پاس 2015ء میں کی گئی منی لانڈرنگ کیس کی انکوائری چل رہی ہے 6 جولائی 2018ء کو سٹیٹ بنک سرکل میں مقدمہ درج کر کے منی لانڈرنگ 420‘ چیٹنگ‘ کاغذات میں ردوبدل اور تبدیل کرنے کے الزامات لگائے گئے اس کیس کے انکوائری افسر محمد علی ابڑو ہیں جبکہ الزام ہے کہ سمٹ بنک کے چند بینکرز نے اومنی گروپ کے ملازمین کے ساتھ مل کر اکائونٹ کھولے، ان اکائونٹ میں 3 ارب آئے اور ساڑھے 4 ارب نکالے گئے اور الزام لگایا گیا ہے کہ ڈیڑھ کروڑ کی رقم زرداری گروپ لمیٹڈ فریال تالپور اور آصف علی زرداری کے اکائونٹ میں بھی آئے۔ فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ کوئی انکوائری نہیں کی گئی‘ آصف زرداری کا زرداری گروپ لمیٹڈ میں ایکٹو رول نہیں، آصف زرداری، زرداری گروپ کے ڈائریکٹر بھی نہیں ہیں ایف آئی اے نے فریال تالپور کو بھی 9 جولائی کو مقدمات درج ہونے کے بعد بلایا۔