الیکشن کمشن کا ڈیڈ لائن کیخلاف سیاسی سرگرمیوں کی براہ راست نشریات، تشہیری پروگرام نشر مکرر پر پیمرا سے تحفظات کا اظہا ر
اسلام آباد(خصوصی نمائندہ) الیکشن کمشن نے پیمرا سے سیاسی پارٹیوں کی رات 12بجے کی ڈیڈلائن کے برخلاف تشہیری پروگرام /نشرِمکرر نشر ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔الیکشن کمشن کی جانب سے جاری شدہ ہدایت نامہ کی رُو سے 23جولائی 2018ء رات 12بجے کے بعد کسی بھی طرح کی سیاسی سرگرمیوں کی براہِ راست نشریات یا ریکارڈنگ اور اشتہارات پر مکمل پابندی عائد کی گئی تھی۔اس پابندی کی رُو سے سیاسی پارٹیوں کے جلسوں،لیڈروں کے خطابات ،بیانات، ٹاک شو یا روڈ شو میں کی گئی گفتگو نشر کرنے پر مکمل ممانعت ہے، علاوہ ازیں مختلف ٹی وی چینلز پر چلنے والے سروے اور ان کے نتائج نشر کرنے پر بھی پابندی ہے کیونکہ یہ عوامی سروے الیکشن کے عمل کو متاثر کر سکتے ہیں۔ پیمرا تمام ٹی وی چینلز سے التماس کرتی ہے کہ الیکشن ضابطۂ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بناتے ہوئے اپنی نشریات میں عوامی آگاہی سے متعلق پروگرام زیادہ سے زیادہ نشر کریں جس میں الیکشن اور ووٹ کی اہمیت ، الیکشن کے عمل سے مکمل آگاہی اور سیکورٹی جیسے امور کو نمایاں کیا جائے۔ مزید برآں تمام ٹی وی چینلز عوام کو گھروں سے نکلنے اور ووٹ ڈالنے پر حوصلہ افزائی کریں۔