خیبرپی کے، نگران حکومت کے احکامات کالعدم ، 27ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز بحال
پشاور(بیورورپورٹ)پشاورہائی کورٹ نے خیبرپی کے کی نگران حکومت کے احکامات کو کالعدم قراردیتے ہوئے 27ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز کوبحال کردیا۔ نگران حکومت نے جون کے پہلے ہفتے خیبرپی کے کے مختلف بینچز میں تعینات 27ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کوان کے عہدوں سے ہٹایاتھا اوران کی جگہ نئی تعیناتیاں کی گئی تھیں جس کے بعد سابق دورمیں تعینات کئے گئے لاء آفیسرز نے پشاور ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ وقار احمد سیٹھ اور جسٹس مسرت ہلالی پر مشتمل دورکنی بنچ نے کیس کی سماعت کرتے ہوئے نگران حکومت کے احکامات کوکالعدم قرار دیا اور حکم دیاکہ سابق حکومت میں تعینات 27ایڈیشنل اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلز کو بحال کیاجائے۔ ان میں 8 اسسٹنٹ اور ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرلز پشاورمیں تعینات ہیں جبکہ باقی بنوں ،ڈی آئی خان ،ایبٹ آباد اور سوات کے سرکٹ بینچزمیں تعینات تھے۔ فیصلے کے مطابق بحال کئے گئے27لاء آفیسرزمیں13ایڈیشنل اور 14اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرلزہیں۔